• news

ایف آئی اے کی عمران کے وکیل نعیم حیدر سے 8گھنٹے تفتیش‘ خواجہ حارث بھی طلب

اسلام آباد(نیٹ نیوز )وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے  وکیل نعیم حیدر   پنجھوتا سے 8گھنٹے تک تفتیش کی ہے۔ ذرائع ایف آئی اے کے مطابق نعیم حیدر پنجھوتھا تفتیش کے لیے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز گئے تھے، ایف آئی اے نے انہیں عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے جج ہمایوں دلاور کی سوشل میڈیا پوسٹ سے متعلق تحقیقات کے لیے بلایا تھا۔نعیم حیدر پنجھوتھا تفتیش کے لیے ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ کے پاس گئے تھے جہاں 8 گھنٹے تک ان سے تفتیش کی گئی۔نعیم پنجوتھا نے جج ہمایوں دلاور سے منسوب جعلی سوشل میڈیا سکرین شارٹس عدالت میں پیش کیے تھے، ایف آئی اے کی انکوائری میں اسکرین شاٹ جعلی ثابت ہوئے تھے۔8 گھٹنے تک ایف آئی اے آفس میں موجود رہنے کے بعد نعیم پنجوتھا ایف آئی اے دفتر سے روانہ ہوگئے۔دوسری جانب ایف آئی اے نے عمران خان کے ایک اور  وکیل خواجہ حارث کو بھی طلب کرلیا۔ ایف آئی اے نوٹس میں کہا گیا ہے پیش نہ ہونے کی صورت میں سمجھا جائیگا آپ کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کو کچھ نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن