• news

ایل این جی کیس سپیشل جج کو منتقل ، خوشی کا دن ، عوام کو بدترین اسمبلی سے نجات ملی : شاہد خاقان


 اسلام آباد (نامہ نگار ‘آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) ایل این جی ریفرنس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ سابق وزیراعظم و لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی اور دیگر کیخلاف نیب کیس سپیشل جج سینٹرل کو منتقل کردیا گیا ہے۔ احتساب عدالت میں ہونے والی کیس کی سماعت کے دوران جج محمد بشیر نے عدالتی دائرہ اختیار پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نیب کیس سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کو منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ سپیشل جج سینٹرل کی عدالت ایف آئی اے سے متعلق کیسز سنتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کے شریک ملزمان نے نیب ترمیم کے تحت عدالتی دائرہ اختیار چیلنج کیا تھا۔ ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی سمیت 15 ملزمان نامزد تھے۔ دوسری طرف میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ موجودہ اسمبلی تاریخ کی بدترین اسمبلی تھی جس کا حصہ بننے پر عوام سے معافی مانگتا ہوں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستانی عوام کو اس بدترین اسمبلی سے نجات سے خوشی ملے گی اور آج خوشی کا دن ہے کیونکہ عوام کو اس بدترین ایوان سے نجات ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے شرمندگی ہے کہ میں اس ایوان کا حصہ رہا۔ بدترین اسمبلی کا حصہ رہنے پر پاکستان کے عوام سے معافی مانگتا ہوں۔ اس بدترین اسمبلی میں ہم سب کا کردار ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تاریخ فیصلہ کرے گی ہم نے کیا کیا‘ عوام نے کچھ نہیں پایا صرف کھویا ہی کھویا ہے۔
شاہد خاقان عباسی

ای پیپر-دی نیشن