پاکستان چلڈرنز ہارٹ فاﺅنڈیشن تقریب ،مصباح الحق کی مہمان خصوصی شرکت
لاہور(کلچرل رپورٹر)پاکستان چلڈرنز ہارٹ فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق ٹیسٹ کرکٹر و سربراہ پی سی بی کرکٹ کمیٹی مصباح الحق نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین بورڈآف گورنرز دی یونیورسٹی آف لاہور اویس رﺅف ،اور سی ای او چلڈرنز ہارٹ فاﺅنڈیشن فرحان احمد سمیت میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی جنہیں تقریب کے بعد زیر تعمیر چلڈرن ہسپتال کی سائٹ کا دورہ بھی کروایا گیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر مصباح الحق نے کہا کہ دل کے عارضے میں مبتلا بچوں کیلئے اپنی نوعیت کا یہ پہلا ہسپتال ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس نیک کام کا حصہ بنا ہوں۔ فرحا ن احمد نے دل کے عارضے کے باعث اپنی بچی کھو دی لیکن انہوں نے اس کا غم لینے کی بجائے ملک کے باقی بچوں کی زندگی بچانے کیلئے اپنی زندگی وقف کر دی۔ ہسپتال کی تعمیر میں سب سے زیادہ کریڈیٹ چیئر مین یونیورسٹی آف لاہور اویس رﺅف کو جاتا ہے جنہوں نے یونیورسٹی کے اندر ا س نیک کام کیلئے جگہ وقف کی۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اگلے سال کے آخر تک یہ ہسپتال مکمل فعال ہو جائے۔ اویس رﺅف نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہسپتال کا گرے سٹرکچر مکمل ہو چکا ہے۔ فنشنگ کا کام جاری ہے امید ہے کہ دسمبر میں ہسپتال کا آﺅٹ ڈور فعال کردیںگے۔ہسپتال کی تعمیر کے ساتھ بچوں کی سرجری کا کام بھی ہمارے ٹیچنگ ہسپتال میں جاری ہے جس میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔ہسپتال کی تعمیر ،مصباح الحق ، فرحان احمد اور میڈیا کی سپورٹ کے بغیر ممکن نہیں تھی۔