• news

ایک قوم بن کر ملک کو مضبوط بنانا ہے ، زرداری : کسی کو معاشرتی تانے بانے ادھیڑنے نہیں دیں گے : بلاول 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے پاکستان پیپلزپارٹی واحد سیاسی پارٹی ہے جو ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہی ہے۔ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو نے 1973کے آئین کے ذریعے اقلیتوں کو برابر کے شہری ہونے کا حق دیا۔ میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان میں سابق صدر نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی ملک کے تمام شہریوں کی نمائندہ جماعت ہے اور ملک میں بسنے والے تمام شہریوں کو پاکستانی قوم مانتی ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ ہمیں ایک قوم بن کر ملک کو مستحکم اور مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت، انسانی آزادی کی ضمانت ہے اس لئے ملک کے ہر شہری کو جمہوریت کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے لئے بھی محفوظ پاکستان بنایا تھا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید چاہتی تھیں غیر مسلم پاکستانی شہریوں کا بھی ملک کے ثمرات پر برابر کا حق ہے۔ سابق صدر زرداری سے غوث بخش مہر اور راجہ پرویز اشرف نے ملاقات کی۔ سندھ کے معروف سیاستدان غوث بخش خان مہر نے سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے زرداری ہاو¿س اسلام آباد میں ملاقات کی۔صدر زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو نے غوث بخش مہر کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خیرمقدم کیا۔دریں اثناءصدر زرداری سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی زرداری ہاو¿س اسلام آباد میں ملاقات کی۔ راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کی کارروائی میں صدر زرداری کے مثبت اور متحرک کردار کے اعتراف میں انہیں سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے نفرت اور تقسیم کی سیاست کا خاتمہ اور اقلیتوں سمیت ملک کے تمام پسماندہ طبقات کو سماجی انصاف صرف پاکستان پیپلز پارٹی دلا سکتی ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ بھی آئین کی پاسداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی 11 اگست 1947 کی تاریخی تقریر میں واضح کردیا تھا کہ ان کی قیادت میں قائم ہونے والی نئی ریاست میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے حوالے سے ہمیشہ عادلانہ و قابلِ عمل نقطہ نظر اختیار کیا ہے، اور 1973ع کا آئین جس کی ایک واضح مثال ہے، جو تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دورِ وزارتِ اعظمیٰ کے دوران اقلیتوں کے مسائل کے حل اور ان کی ترقی و بھبود کے لیے اٹھائے گئے بیشمار انقلابی اقدام اٹھائے تھے، جن میں وزارتِ اقلیتی امور کا قیام بھی شامل ہے۔ انہوں نے 11 اگست کو اقلیتوں کے قومی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کرنے پر صدر آصف علی زرداری کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سب کو اعتماد میں لے کر اور سب کو ساتھ لے کر چلنا ہی صدر زرداری کا ویژن اور پہچان ہے۔ پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے، جس نے اپنے غیر مسلم کارکنان کو قومی اور صوبائی اسیمبلیوں کی جنرل سیٹوں پر ٹکٹ دے کر منتخب کروایا اور سینیٹ میں بھی نمائندگی دی، جبکہ دیگر جماعتوں کے مقابلے میں اپنی حکومتوں کی کابینہ میں بھی اقلیتی برادری کو سب سے زیادہ نمائندگی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلم شہریوں کے حقوق و بھبود کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے جو قانون سازی اور عملی اقدامات کیے ہیں، اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی تمام اقلیتوں کو قوم سازی اور ملکی ترقی میں اپنی تعداد سے کہیں زیادہ حصہ ملانے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی اکثریتی اور اقلیتی برادریوں کا صدیوں سے جینا مرنا اور دکھ سکھ ہمیشہ سانجھے رہے ہیں، ہم کسی کو بھی اپنے معاشرتی تانے بانے ادھیڑنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ان کی جماعت پاکستان کے حقیقی معاشرتی اقدار و رواداری کی حفاظت کرے گی، اور ملک میں اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت اور وسیع تر قومی اتفاق و اتحاد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
زرداری /بلاول 

ای پیپر-دی نیشن