یو م استحصال کشمیر
امیر محمد خان
سعودی عرب میں پاکستان کمیونٹی کی جانب سے
چار سال پورے ہونے پر پاکستانی قونصلیٹ جدہ میں تقریب کا
انعقاد، اسلامی ممالک کی بڑی تنظیم او آئی سی نے ہمیشہ کشمیر پر
پاکستانی موقف کی تائید کی ہے،خالد مجید
ہر سال دنیا بھرمیں چاہے 5فروری ہو یا اب 5اگست کشمیر پر ہونے والے ظلم و ستم اور بھارتی جبر کے خلاف ان دنوں کو پاکستانی مشنز،اور کشمیر کمیونٹی سوگ کے طور پر مناتی ہے،ٖ 76سال سے پاکستان کے آسرے پر کشمیری مجاہدین جانیں دے رہے ہیں انکی جدوجہد تو 76 سال سے بھی کئی سال قبل کی ہے ۔پاکستان کی کاوشوں سے تمام عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اٹھایا جاتا ہے مگر نتیجہ صفر ہے۔
پاکستان کی اپنی مشکلات ہیں جو سال میں چند دن آواز بلند کرکے پھر اپنے مسائل پر مصروف ہوتا ہے یہ مسائل پاکستان کے سیاست دانوں کا قائد اعظم کی مملکت کو تحفہ ہے ۔ اپنے معالات سے نجات ہو تو تمام تر توجہ اس انسانی مسئلہ پر لگائی جائے ، وزارت خارجہ پاکستان اپنی تمام تر کوششیںکرتی ہے مگر شائد ہماری پالیسیوں کی مرہون منت ہے کہ بھارت اپنے ڈنک نکال کرکشمیری مجاہدین پر چھا رہا ہے ، عالمی اداروں کی جانب کے کوئی آواز نہیں کہ یسین ملک کس جرم کی پاداش میں پابند سلاسل ہے ؟؟اس سال پھر سعودی عرب میں پاکستانیوںنے یوم استحصال کشمیر منایا ۔ ہونا تو یہ چاہئے کہ اس طرح کی تقاریب میں خود تقاریر کے بجائے ان دوست ممالک یا OICکے کشمیر اور فلسطین کے ہمدرد سفارت کاروں اور عہدیداروں کی بھی دعوت دی جائے بہر حال یہ فیصلہ ہماری وزار خارجہ ہے کا ہے
جدہ میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ایک شاندار تقریب پاکستان قونصلیٹ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت قونصل جنرل جدہ خالد مجید نے کی تقریب میں کشمیر کمیونٹی اور اور پاکستان کمیونٹی کے علاوہ پاکستانی اسکول کے طلباء نے بھی شرکت کی، تلاوت کلام پاک کے بعد صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات، وزیر خارجہ کے پیغام کے پڑھ کر سنائے گئے، قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو یکسرمسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام ہوگا۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیرکو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ خالد مجید نے کہا کہ اسلامی ممالک کی بڑی تنظیم او آئی سی نے ہمیشہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید کی ہے پاکستان او آئی سی اور تمام ممالک ک مشکور ہے جو بھارتی کی کشمیر میں بربربیت کی خلاف کشمیریوں کا ساتھ دیتے ہیں۔تقریب سے پاکستان جموں و کشمیر کمیٹی کے چئیرمین وقاص عنائت اللہ اور پاکستان کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود احمد پوری، پاکستانی تعلیمی ادارورں کے طلباء مقرر نے کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اور پانچ اگست کے اقدام کی شدید مذمت کی مقررین نے پانچ اگست دوہزار انیس کو بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی بھرپور مذمت کی۔
تقریب میں بھارتی ظلم و ستم پر مبنی فلمیں بھی دکھائی گیئں تقریب کے آخر میں شرکاء نے ایک قراد منظور کی جس میں سعودی حکومت، اور آو آئی سی کے مسئلہ کشمیر پر بے پناہ تاون کو سراہا، نیز بھارتی ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے کشمیر میں ہونے والے ظلم، اور پانچ اگست کو کشمیر میں بھارتی تسلط کے خلاف آواز اٹھانے کی اپیل کی گئی۔
ریاض پاکستانی سفارت خانہ میں یوم استحصال کی تقریب
سعودی عرب میں یوم استحصال کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک سیاسی اور سفارتی جدوجہد جاری رکھے گا. سعودی دارالحکومت ریاض کے سفارت خانہ پاکستان میں یوم استحصال کشمیر کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی جنھوں نے چار سال قبل بھارت کی جانب سے کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کی مذمت کی. اس موقع پر سفیر پاکستان احمد فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے اور بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کی آزادی اور بنیادی حقوق کو سلب کیے ہوئے ہے بھارت مسئلہ کشمیر کو اپنا اندرونی معاملہ قرار دے کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے. کشمیر پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور پاکستان مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ سیاسی اور سفارتی بنیادوں پر لڑتا رہے گا اور ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے بلند حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنھوں نے تحریک آزادی کشمیر کے ذریعے بھارت کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا استصواب رائے کا حق دلائے اور بھارت یسین ملک سمیت دیگر تمام حریت رہنماؤں کو رہا کرے. تقریب میں سفارتی افسران نے صدر پاکستان عارف علوی وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے جبکہ نظامت کے فرائض کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نجم الزمان ثاقب نے بخوبی سرانجام دئیے۔
سعودی عرب کے شائقین کرکٹ۔ WPCA کی تقریب انعامات
سعودی عرب کے منطقہ غربیہ میں شائقین کرکٹ کی سب بڑی تنظیم ویسٹرن پروانس کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈبلیو پی سی اے) کے زیر اہتمام ایف ٹی ایل ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیمِ انعامات لاثانی اسپینزر ریسٹورینٹ مدینہ روڈ میں منعقد ہوئی۔ جس کے مہمانان خصوصی ڈاکٹر منظور قاضی، ڈاکٹرمتوکمار، ڈاکٹر آصف ملک، ندیم ندوی، عمران مرزا، ذیشان اور خلیل قاضی تھے۔ تقریب میں ڈبلیو پی سی اے کے عہداداران، ٹورنامنٹ کی فاتح 8 ٹیموں السعودی الیون، ابو داؤد ٹریڈنگ، فوکس الحمرانی، القبانی، صدیق الیون، ایپکس فرائٹ، آرکوما اور بلیک ہاکس کیکھلاڑیوں کے علاوہ پرفارمنس ایوارڈ حاصل کرنے والے، ڈبلیو پی سی اے سے وابستہ ٹیموں کا ایک ایک ممبراور میڈیا نمائندگان کی بڑی
تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز حافظ عرفان کی تلاوتِ قران پاک سے ہوا۔ ڈبلیو پی سی اے کے میڈیا کوارڈینیٹر اور ایگزیکیٹو ممبر ڈاکٹر سید ضیاء الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے تمام مہمانوں کوخوش آمدید کہا۔ انھوں نے پہلے 80 داخلہ لینے والوں کے لیے لکی ڈراز سے شاندار فائنل ایونٹ اغازکیا اور قرعہ اندازی کے ذریعہ 15 فاتحین کو انعامات تقسیم کئے۔ ڈاکٹر ضیاء نے اپنے خطاب میں ڈبلیو پی سی اے کی کرکٹ کی خدمات پر مختصر روشنی ڈالی اور شائقین کرکٹ کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کرنے پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین، صدر، ایگزیکیٹوکونسل اور کمیٹی کے ممبران کی شب وروزمحنت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ڈبلیو پی سی اے کوسعودی عرب میں ڈسپلن کے اعتبارسے بہترین آرگنائزیشن کا اعزازحاصل ہے۔ انھوں نے گراؤنڈ کی سہولت پر بلدیہ جدہ کے نمائندہ رمضان کے تعاون کی تعریف کی۔ انھوں نے تالیوں کی گونج میں لکی ڈراز کے انعامات اور ایف ٹی ایل ٹورنامنٹ اسپانسر کرنے پرسعودی عرب کے سینئرسعودی نیشنل کھلاڑی اور معروف بزنس مین ندیم سعد الندوی کا شکریہ ادا کیا اورکرکٹ کی ترقی و ترویج کے لئے ان کی خدمات کی تعریف کی۔ انھوں نے مہمانان خصوصی اور میڈیا نمائندگان کا بھی شکریہ اداکیا۔ آخرمیں ایف ٹی ایل-ڈبلیو پی سی اے ٹورنامنٹ کی ونر، رنرزاپ ٹیموں، مین آف دی میچز اور بہترین انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیٹسمین، بولرز، آل راؤنڈرز، وکٹ کیپر، امپائرز اور اسکوررز کو ٹرافی اور کیش انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب کا اختتام پُرتکلف عشائیہ پر ہوا۔