• news

بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے کیلئے خصوصی آگاہی مہم شروع کردی گئی:ڈاکٹر جمال ناصر 


لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صوبہ بھر میں کم عمر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے کے بارے میں خصوصی آگاہی مہم شروع کردی گئی ہے۔ والدین منفی پروپیگنڈہ پر کان نہ دھریں، حفاظتی ٹیکے لگوا کر اپنے بچوں کی صحت مند نشوونما یقینی اور مستقبل محفوظ بنائیں۔ نو عمر بچوں کو 12 بیماریوں سے بچاو¿ کے ٹیکے قریبی مرکزصحت یا حفاظتی ٹیکہ جات کے مرکز سے مفت لگوائے جا سکتے ہیں۔ بچے قوم کا مستقبل ہیں، صحت مند قوم کیلئے بچوں کی بہتر نشوونما کی ضرورت ہے۔شہری محکمہ صحت پنجاب کی ہیلپ لائن 1033 پر کال کر کے حفاظتی ٹیکوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز محکمہ صحت و یونیسف کے اشتراک سے منعقدہ اگاہی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے نمائندے والدین کو حفظان صحت کے اصولوں اور حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت بارے آگاہ کرنے کیلئے موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ صحت مند قوم ہی ملک کو ترقی یافتہ بنا سکتی ہے۔ محکمہ صحت ویکسنیشن کی سٹوریج سے لیکر منتقلی تک کے عمل کو عالمی معیار کے مطابق یقینی بناتا ہے۔ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ای پی آئی پروگرام اور یونیسف کے باہمی تعاون سے کیا گیا۔ ڈائریکٹر ای پی آئی پنجاب ڈاکٹر مختار احمد نے بھی ورکشاپ سے خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن