• news

ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ: جونیئر کیٹیگری میں پاکستان کا مایوس کن آغاز


لاہور(سپورٹس رپورٹر)گلاسگو میں ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی مین اور ویمن جونیئر کیٹیگریز میں پاکستان کا مایوس کن آغاز۔مینز انڈر 23 انفرادی ٹائم ٹرائل میں پاکستان کے اسماعیل انور 78 میں سے 68 واں نمبر حاصل کر سکے جبکہ جونیئر ویمن انفرادی ٹائم ٹرائل میں پاکستان کی مریم علی آخری نمبر پر رہیں۔نوجوان پاکستانی سائیکلسٹ اسماعیل انور نے 36.2 کلومیٹر ریس 51 منٹ 35 سیکنڈز میں مکمل کی جبکہ وہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹ سے 8 منٹ پیچھے رہے۔ریس کے دوران پاکستانی سائیکلسٹ اسماعیل انور کی اوسط سپیڈ 42.107 رہی جبکہ اسی سال تھائی لینڈ میں ایشین چیمپئن شپ کے دوران ان کی اوسط سپیڈ 44.683 تھی۔ویمن جونیئر انفرادی ٹائم ٹرائل میں پاکستان کی مریم علی 42 میں سے 42 ویں نمبرپر رہیں، انہوں نے 13.5 کلومیٹر کا فاصلہ 26 منٹ 50 اعشاریہ 38 سیکنڈز میں مکمل کیا۔18 سالہ پاکستانی سائیکلسٹ مریم علی فاتح سائیکلسٹ سے 7 منٹ 18 سیکنڈز پیچھے رہیں جبکہ ان کی اوسط اسپیڈ 30.179 رہی۔مریم علی کی ریس میں مایوس کن کارکردگی کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ سائیکل میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے مریم علی کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ ریس کے آغاز سے قبل سائیکل کے گیئر خراب ہوئے تھے جو بروقت ریپیئر نہ ہوسکے،اگر تکنیکی مسئلہ نہ ہوتا تو مریم سے اچھے نتائج کی امید تھی۔

ای پیپر-دی نیشن