گریڈ ٹو 4 روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ لٹل ماسٹر حنیف محمدسے منسوب
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے عظیم کرکٹر حنیف محمد کی خدمات کے اعتراف کے طور پر گریڈ ٹو چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے24- 2023ءکے ٹورنامنٹ میں دس ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے لیجنڈز کی کھیل کیلئے شاندار خدمات کا احترام کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ ان عظیم کرکٹرز کی کاوشوں کو یاد رکھا جائے۔حنیف محمد کے صاحبزادے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد نے کہا کہ وہ اور ان کی فیملی ذکا ءاشرف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکرگزار ہے کہ انہوں نے ان کے والد کی خدمات کو اعزاز بخشا۔یقیناً یہ بات بہت خوشی کی ہے کہ کرکٹ بورڈ ان کرکٹرز کی قربانیوں اور سخت محنت کو یاد رکھے ہوئے ہے جنہوں نے پاکستان کرکٹ کے ابتدائی ایام میں اسے دنیا کے نقشے پر متعارف کرایا۔شعیب محمد نے امید ظاہر کی کہ ہمارے نوجوان ڈومیسٹک کرکٹرز حنیف محمد کے کیریئر سے حوصلہ پائیں گے اور پاکستان کی خدمت کرنے کے قابل ہونگے۔ حنیف محمد ٹرافی ریجنل ٹیموں کیلئے قائداعظم ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کا ٹورنامنٹ ہوگی۔ جو بھی ٹیم ٹرافی جیتے گی وہ قائداعظم ٹرافی میں جگہ بنائےگی اور جو ٹیم فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں آخری نمبر پر آئےگی وہ ریلیگیٹ ہوکر گریڈ ٹو ایونٹ میں چلی جائےگی۔