• news

پرویزالٰہی کی نظربندی‘ سماعت 16 اگست تک ملتوی‘ 268 پی ٹی آئی کارکنوں کے وارنٹ جاری

لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سرکاری وکیل کی جانب سے کابینہ کی نظر ثانی رپورٹ پیش نہ کرنے پر سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ریویو رپورٹ طلب کر لی۔ پرویز الٰہی کو عدالت پیش نہ کرنے پر آئی جی، ہوم سیکرٹری، آئی جی جیل خانہ جات کو جرمانے  اور شوکاز نوٹس کے فیصلے کے خلاف حکومت پنجاب کی اپیل پر سماعت بغیر کارروائی  16 اگست تک ملتوی کردی۔ عدالت نے تینوں افسروں کے جرمانہ اور شوکاز نوٹس پر عمل درآمد معطل کرنے کے اپنے حکم میں توسیع کر دی۔ عدالت نے کہا کہ اس اپیل کی سماعت بھی پرویز الٰہی کی نظر بندی والی درخواست کے ساتھ ہوگی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر  نے جناح ہائوس حملہ کیس میں پولیس کی درخواست پر پی ٹی آئی کے 268 روپوش کارکنوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ جناح ہائوس جلائو گھیرائو کیس میں پی ٹی آئی سابق ایم این اے روبینہ جمیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 اگست تک توسی کردی۔ طبیعت ناسازی کے باعث روبینہ جمیل کو عدالت پیش نہ کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے نو مئی جلائو گھیرائو مقدمات میں 21 پی ٹی آئی کارکنوں کی عبوری  ضمانت کنفرم کر دیں۔ عدالت نے ملزمان کو ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ملزمان نے گرفتاری کے ڈر سے عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھیں تھیں۔ ملزمان میں پتوکی قصور مقدمہ میں مراتب علی، محمد منشائ، محمد شاہد، ارشاد علی، سید حماد حسن، حافظ محمد سخاوت، محمد اصغر، محمد ایوب، راجہ جنگ قصور مقدمہ میں چوہدری انور علی، محمد ساجد جاوید، نوید اقبال، حافظ عمر دراز، محمد الطاف، محمد ادریس، حسن عرفان، احسن مسعود بھٹی، کوٹ رادھا کشن قصور مقدمہ میں ساجد محمود، عبد الرحمان، اور عابد حسین، عتیق الرحمان کی ضمانت کنفرم ہوئی۔ ملزم سردار نبی احمد اور فیصل بشیر  نے بیگناہ  ہونے پر درخواست ضمانت واپس لے لی۔

ای پیپر-دی نیشن