علما آج اقلیتوں کے حقوق پر خطبہ جمعہ دیں،پاکستان علما کونسل
اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان علما کونسل نے اپیل کی ہے کہ آج ملک بھر میں خطبات جمعہ میں امام صاحبان اسلام میں غیر مسلموں کے حقوق اور پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے اسلامی تعلیمات اور پاکستان کے آئین و قانون پر عملدرآمد کے حوالے سے گفتگو کریں۔یہ بات چیئرمین پاکستا ن علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا نعمان حاشر، علامہ زبیر عابد، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ طاہر الحسن ، مولانا قاسم قاسمی، مولانا ابو بکر حمید صابری، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا محمد اسلم صدیقی اور دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ وطن عزیز پاکستان جہاں پر مختلف مکاتب فکر و مذاہب کے لوگ رہتے ہیں اور 11 اگست کو پاکستان میں غیر مسلموں کے رہنے والوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے لہذا 11 اگست بروز جمعۃالمبارک کو پاکستان علما کونسل کی اپیل پر ملک بھر کے علما و مشائخ ، آئمہ ،خطبا سے اپیل ہے کہ وہ اسلام میں غیر مسلموں کے حقوق اور اسلام ہی جہاں ریاست ہے یا جہاں پر مسلمانوں کی اکثریت ہے وہاں پر غیر مسلموں کے حقوق اور پاکستان میں بالخصوص اقلیتوں کے حقوق ، آئین پاکستان قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں اس کے اوپر خطبات جمعہ دیں۔ پاکستان اور دنیا بھر میں جہاں بھی اقلیتیں ہیں ، وہ مسلمان ممالک میں غیر مسلم ہیں یا غیر مسلم میں مسلمان ہیں ان کے حقوق کا خیال کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہے۔