• news

شہریوں کو معیاری تعلیم، ادویات فراہمی ریاست کی ذمہ داری: ہائیکورٹ

لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے نجی میڈیکل کالجوں کے سٹڈی پروگرام کے دوران فیسوں میں اضافہ غیر قانونی قرار دے دیا۔ 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ شہریوں کو معیاری تعلیم، ادویات کی فراہمی ریاست کی ذمے داری ہے،  نجی میڈیکل کالجوں نے فیسوں میں غیرقانونی اضافہ کیا، عدالت نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی فیسوں میں اضافے کا اقدام کالعدم قرار دیتی ہے، پی ایم ڈی سی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو اضافی فیسیں اور دیگر چارجز کی وصولی روکنے کے حکم پر عمل کرائے، پی ایم ڈی سی یقینی بنائے کہ کالج صرف وہی فیسیں وصول کریں جو 2022ء  کے سیشن شروع ہوتے وقت مقرر کی گئی تھیں، عدالت نے حکم دیا کہ پی ایم ڈی سی عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کرائے۔ عدالت نے اپنے فیصلے کو اردو میں جاری کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت نے بنیادی حقوق کے فیصلوں کے اردو ترجمہ کے متعلق بھی حکم کو آرڈر کا حصہ بنایا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ عدالتی مشاہدہ ہے کہ مفاد عامہ کے کیسز کا فیصلہ انگریزی میں ہونے کے باعث عوام کی بڑی تعداد انہیں سمجھنے سے محروم رہتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن