تربیلا، منگلا بھر گئے، سپل ویز کھول دیئے گئے، متصل علاقوں میں ہائی الرٹ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تمام بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں 13 اگست سے بارشوں کا امکان ہے۔ تربیلا اور منگلا ڈیم 95 فیصد تک پانی سے بھر چکے ہیں۔ دونوں ڈیمز متصل علاقوں میں انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔ پانی کے راستے سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ریسکیو اداروں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سپل ویز کھول دیئے گئے ہیں، واپڈا حکام کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح نے 1549.85 کی حد کو چھو لیا۔ تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی زیادہ سے زیادہ حد 1550 فٹ ہے۔ منگلا ڈیم میں بھی پانی کی سطح 1238 فٹ تک پہنچ گئی۔ پانی ذخیرہ کرنے کیلئے 4 فٹ گنجائش باقی رہ گئی۔ تربیلا میں 58 لاکھ ایکڑ فٹ اور منگلا میں 70 لاکھ ایکڑ فٹ پانی جمع کر لیا گیا۔ ارسا کے مطابق ربیع میں گندم سمیت تمام فیصلوں کیلئے سندھ پنجاب کا حصہ بڑھ جائے گا۔