تحفظ ناموس صحابہ و اہل بیت بل کی منظوری‘ امن کو تقویت ملے گی: عبدالخبیر آزاد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اپنے بیان میں کہا کہ تحفظ ناموس صحابہ و اہل بیت بل منظور کر کے پارلیمنٹ و سینٹ پاکستان کے تمام ممبران نے عالم اسلام اور اہلیان پاکستان کے دل جیت لیے ہیں۔ بل کی منظوری کی وجہ سے پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و سلامتی کے مشن کو تقویت ملے گی۔ قومی اسمبلی و ایوان بالا سینٹ آف پاکستان کی طرف سے پاس کردہ تقدس صحابہ و اہل بیت امہات المومنین قانون ایک تاریخی اقدام اور مبارک عمل ہے۔ پیغام پاکستان پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جس نے پاکستان میں فرقہ واریت اور دہشت گردی کی کمر کو توڑ دیا ہے۔ فرقہ واریت اور دہشت گردی اور خودکش حملوں کے خلاف پاکستان کے تمام علماء کرام و مشائخ عظام ایک پیج پر ہیں۔