مقبوضہ کشمیر: ریاستی دہشتگردی جاری، ایک اور کشمیری شہید، 8گرفتار
سرینگر‘ جموں( کے پی آئی‘ این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں کے علاقے اکھنور میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شخص شہیدہو گیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تاہم بھارتی فوج نے مذکورہ شخص کی موت کو حادثاتی قراردیکر اس معاملے کی پردہ پوشی کی کوشش کی ہے۔دوسری جانبنام نہاد بھارتی یوم آزادی 15 اگست کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں پکڑ دھکڑ تیز ہوگئی ہے۔ اس پکڑ دھکڑ کے دوران جموں کے علاقے اکھنور میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیاہے جبکہ سری نگر ، اوڑی اور بڈگام سے 8 کشمیری نوجوان گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ جموں و کشمیر میں دو الگ الگ حادثات میں 2 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک اہلکار رویندر کمار جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے علاقے سدورہ میں ایک ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ایک اور بھارتی فوجی کالکی شرما ضلع کٹھوعہ کے علاقے مگر کھنڈ کے قریب نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ جنوبی کشمیر میں دستی بم کے دھماکے میں ایک بھارتی فوجی سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اسلام آباد ضلع کے علاقے کوکرناگ میں بھارتی فورسز کے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دستی بم دھماکہ ہوا۔