اللہ اللہ کرکے غریب دشمن حکومت کے سیاہ دور سے نجات نصیب ہوئی ‘ شیخ رشید
لاہور( این این آئی) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اللہ اللہ کرکے سولہ ماہ کی غریب دشمن حکومت کے سیاہ دور سے قوم کو نجات نصیب ہوئی سندھ ہائوس میں ممبروں کی خریدو فروخت سے بننے والی سازشی اسمبلی تحلیل ہوگئی ،جنہوں نے صرف اپنے کیسز ختم کرائے ،جس دن فرد جرم لگنی تھی اسی دن وزیراعظم بن گئے ،تقریروں تصویروں اور تعریفوں کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا گیا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سولہ ماہ کی حکومت کے دور میں میڈیا کو پابند سلاسل کیا لاپتہ کیا قید کیا اور شہید کیا ،ابھی تک نگران وزیراعظم کا نام نہیں دے سکے ،جاتے جاتے ایک دن میں 121 بل بھی پاس کروائے ،اسمبلی کو بلوں کی فیکٹری بنا دیا گیا اور جیلوں کو بیگناہ کارکنوں سے بھر دیا گیا،عوام پر بجلی اور آٹے کی مہنگائی کے بم گرائے ۔ سائفر کو مذاق بنایا اور آج دنیا نے اس کو حقیقت مانا،آج سائفرکی دستاوزات پرامریکی ترجمان بھی بات کرنے کو تیار نہیں ہے اورپی ٹی کے دورہ روس کے خلاف امریکہ کے اعتراض کا اعتراف کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ یہ سولہ مہینے کی اسمبلی پاکستان کی سیاسی زندگی کی بدترین غریب دشمن جمہوریت دشمن اور عوام دشمن اسمبلی کے طور میں یاد رکھی جائے گی ،یہ اپنے کپڑے بیچ کر غربت مہنگائی ختم کرنے آئے تھے لیکن انہوں نے غریب کے بھی کپڑے اتار دئیے ،آخری ہفتے میں صرف قانون کی لوٹ سیل ہی نہیں لگائی اپنے سیاسی مخالف کو بھی جیل میں ڈال دیا۔