• news

اقلیتوں کو آئینی تحفظ حاصل‘ صدر علوی ان کے بغیر پاکستان کا تصور نامکمل‘ وزیراعظم


اسلام آباد (آئی این پی‘ خبر نگار خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور تمام لوگوں کے درمیان برابری کا درس دیتی ہیں، اقلیتوں کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ ہم ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہیں اور انہیں اس پر سراہتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین ِپاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، آئین تمام شہریوں کو ان کے مذہبی عقائد یا نسل سے قطع نظر سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری اقلیتی برادریاں پاکستانی قومیت کا بنیادی حصہ ہیں، اقلیتوں کے بغیر پاکستان کا تصور نامکمل ہے۔ دفاع، تعلیم، صحت اور سماجی خدمت سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں ہمارے غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ہمارا آئین ذات پات، نسل اور رنگ کے امتیاز کے بغیر تمام شہریوں کو سماجی، سیاسی، مذہبی اور معاشی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتا ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی شناخت کی واضح خصوصیت ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم اقلیتوں کے قومی دن پر پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی میں غیر مسلم پاکستانی شہریوں کے کردار کو منا رہے ہیں۔
اقلیتیں/ صدر/ وزیراعظم

ای پیپر-دی نیشن