خیبر پی کے میںغیر سیاسی نگران حکومت کی تشکیل‘ 25 کابینہ ارکان کے استعفے منظور
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر خیبر پی کے نے نگران کابینہ کے 25 ارکان کے استعفے منظور کر لئے۔ مستعفی ارکان میں 14 نگران وزیر‘ 11 مشیر اور معاونین خصوصی شامل ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو کابینہ کے مزید 8 اراکین کے استعفے گزشتہ روز موصول ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کابینہ اراکین کے استعفے منظوری کے لیے گورنر کو بھیجیں گے۔ نگران کابینہ میں 16 وزرائ، 5 مشیر اور 6 معاونین خصوصی شامل تھے۔ ایک روز قبل کابینہ کے 19 ارکان کے استعفے موصول ہوئے تھے۔ نگران وزیراعلیٰ نے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر کابینہ اراکین سے استعفے مانگے تھے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نگران وزیراعلیٰ نئی کابینہ کے لیے غیر سیاسی شخصیات کا انتخاب کریں گے اور صوبے کی نئی نگران کابینہ کا اعلان ایک ہفتے میں کیا جائے گا۔
خیبر پی کے/ کابینہ