عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ امت کا اجتماعی فریضہ ہے:راغب حسین نعیمی
لاہور( خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ امت کا اجتماعی فریضہ ہے۔ مسلمانوں کا اجماعی عقیدہ ہے کہ رسول اکرم اللہ تعالی کے آخر ی نبی اور رسول ہیں۔ امتناع قادیانیت ایکٹ پر عملدرآمدکراتے ہوئے عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ یقینی بنایاجائے۔ حکومت قادیانیوں کو شعائر اسلام استعمال کرنے سے روکے۔ قانون تحفظ ناموس رسالت کیخلاف بیرونی دباﺅ اوراندرونی سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔ قادیانی فتنہ سے امت مسلمہ کو بچاناعلماءکرام کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ تمام مسلمانوں کو اسلام اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کےلئے جذبہ صدیقی سے سرشار ہوکرمیدان عمل میں نکلنا ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حرمت رسول کے تحفظ کا فریضہ سرانجام دینا دنیوی واخروی نجات کا سبب اور ذریعہ ہے۔نبوت کا دروازہ بند ہو چکا۔ منصب ختم نبوت کی حفاظت امت مسلمہ کے ایمان بنیاد ہے۔ کوئی بھی مسلمان حضور کی عزت و نامو س پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیتا۔ حرمت رسول پرکسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ نبی اقدس کی حرمت اور ان کی شان اقدس میں گستاخی کے خلاف پوری امت مسلمہ یک زبان ویکجا ہے۔