پی ایچ اے:پودے تقسیم،سیاحوں کو بہترین تفریح کیلئے گریٹر اقبال پارک میں سرکس لگانے کا فیصلہ
لاہور(خبرنگار)پی ایچ اے ہیڈکواٹر ز میں ڈی جی محمد طاہر وٹو کی صدارت میں یوم آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہواجس میں 14اگست کو جیلانی پار ک میں پرچم کشائی،شہر بھر میں بل بورڈ اور سٹیمرز لگانے اورشہر کے مختلف مقامات پر شہریوں میں مفت پودے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور کے مختلف مقامات بشمول لبرٹی گول چکر، اللہ ہو چوک، بھیکے وال موڑ، استنبول چوک پر شہریوں میں پودے تقسیم کرنے اورسیاحوں کو بہترین تفریح کی سہولیات کی فراہمی کیلئے گریٹر اقبال پارک میں سرکس لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل صفی اللہ گوندل، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن موسی علی بخاری، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر حسان الحق سمیت تمام پروجیکٹ ڈائریکٹر زاورڈائریکٹرز ہارٹیکلچر نے بھی شرکت کی۔