ترقی کا راز تعلیم میں پنہاں ، نالج بیس اکانومی وطن کوبحران سے نکال سکتی ہے: ڈاکٹر شاہد منیر
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا ہے کہ ترقی و کامیابی کا راز بہترین تعلیم میں پنہاں ہے ۔ تاریخ گواہ ہے کہ جس قوم نے علم کادامن تھامااس نے دنیاپر راج کیا۔ قائداعظم نے کہا تھا کہ تعلیم، تجارت اور دفاعی صلاحیت ہی وہ 3 بنیادی ستون ہیں ۔ قائداعظم کے نقشِ قدم پر چل کر پاکستان میں تعلیمی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایچ ای سی کے زیر اہتمام یو م آزادی کی مناسبت سے ارفع کریم ٹاور میں” قومی ترقی میں اعلی تعلیم کا کردار کے عنوان پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قیوم نظامی ،ڈاکٹر حسن میر شاہ ، رائے منظور ناصر اور ڈاکٹر تنویرقاسم نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر شاہد منیرنے کہا کہ ہماری حکومتوں کو تعلیم کیلئے بجٹ 4 فیصد کرنا ہو گا ، ہمیں کردار سازی کیلئے سیرت رسول کو اپنا نا ہوگا۔ معروف دانشور اور کالم نگار قیوم نظامی نے کہا کہ قائداعظم کے بعد ہم مجموعی طور پر قول و فعل کے تضاد کا شکار ہوگئے ہیں۔