• news

قومی ٹیم منیجمنٹ کا اعلان ، بھارتی جرسی پر پاکستان کا نام ہوگا 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کےخلاف سیریز اور ایشیا کپ کیلئے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کر دیا۔ ریحان الحق کو ٹیم منیجر ، مکی آرتھر کو ڈائریکٹر ، گرانٹ بریڈبرن کو ہیڈ کوچ، اینڈریو پٹک کو بیٹنگ کوچ اور مورنی مورکل کو باﺅلنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ فیلڈنگ کوچ کیلئے آفتاب جبکہ عبدالرحمان کو بطور اسسٹنٹ کوچ سپورٹ سٹاف میں شامل کیا گیا ہے۔ ڈریکس سائمن کو کنڈیشنگ کوچ، کلف ڈیکن کو فزیو تھراپسٹ اور احسن افتخار کو میڈیا منیجر جبکہ بطور سائیکالوجسٹ مقبول احمد بابر کو بھی ٹیم سپورٹ سٹاف میں شامل کیا گیا ہے۔50 اوورز پر مشتمل ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے میچ سے ہوگا۔ ایشیا کپ سے قبل پاکستانی ٹیم افغانستان کےخلاف ون ڈے سیریز کھیلے گی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایشیا کپ کے حوالے سے تیار بھارتی ٹیم کی جرسی پر پاکستان کے نام نے سوشل میڈیا صارفین کو چونکادیا ۔وائرل تصویر میں بھارتی کپتان روہت شرما اورسابق کپتان ویرات کوہلی کو نئی جرسی پہنے دیکھا جاسکتا ہے، اس جرسی پر واضح طور پر ایشیا کپ 2023 ءکے میزبان یعنی پاکستان کا نام لکھا دیکھا جاسکتا ہے۔ بھارتی ٹیم میدان میں پاکستان کے نام سے سجی جرسی پہن کر اترےگی۔ ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کیلئے جرسی پر ایشیا کپ کے لوگو کے ساتھ میزبان کا نام درج ہونا ضروری ہے۔

، بھارتی ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام بھی اسی لیے درج ہوسکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن