• news

ڈومیسٹک سیزن میں ریجنز ‘ ڈیپارٹمنٹس کیلئے علیحدہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس ہونگے


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ 2023-24 کے ڈومیسٹک سیزن میں آٹھ ڈیپارٹمنٹس اور آٹھ ریجنز کی ٹیمیں علیحدہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس میں حصہ لیں گی۔ڈومیسٹک سیزن 10 ستمبر کو قائداعظم ٹرافی کےساتھ شروع ہوگا جس میں ٹاپ ریجنل ٹیمیں مدمقابل ہونگی ‘ 15 دسمبر سے پریذیڈنٹ ٹرافی شروع ہوگی جس میں آٹھ ٹاپ کی ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لیں گی۔یہ دونوں ٹورنامنٹس سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے اور پوائنٹس ٹیبل کی دو بہترین ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔ قائداعظم ٹرافی اور حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو چار روزہ ٹورنامنٹ کےلئے اٹھارہ ریجنل ٹیموں کا انتخاب 2018-19 کے سیزن میں ٹیموں کی پوزیشنوں کی بنیاد پر عمل میں آیا ہے جہاں سے ڈومیسٹک ڈھانچے کا دوبارہ آغاز ہوگا۔ وزیراعظم کرکٹ بورڈ کا 2014 کا آئین بحال کرچکے ہیں۔دونوں ٹورنامنٹس ایک ساتھ شروع ہونگے۔ایبٹ آباد ، لاہور اور راولپنڈی قائداعظم ٹرافی کے میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ فیصل آباد ، ملتان اور اسلام آباد میں حنیف محمد ٹرافی کے میچز کھیلے جائیں گے۔قائداعظم ٹرافی کھیلنے والی ٹیموں میں پشاور، کراچی وائٹس، لاہور بلوز، راولپنڈی ،فاٹا ، ملتان ، لاہور وائٹس اور فیصل آباد شامل ہیں۔حنیف محمد ٹرافی میں شریک دس ٹیمیں ایبٹ آباد ، آزاد جموں کشمیر، بہاولپور، ڈیرہ مراد جمالی، حیدرآباد، کراچی بلوز،لاڑکانہ ، کوئٹہ ، سیالکوٹ اور اسلام آباد ہیں۔آٹھ ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں ایس ا ین جی پی ایل، ایس ایس جی سی، واپڈا،کے آرایل، پی ٹی وی ،نیشنل بینک سٹیٹ بینک اور آٹھویں ٹیم کا اعلان ابھی ہونا ہے یہ پریذیڈنٹ ٹرافی میں حصہ لیں گی جس کے میچز دسمبر میں کراچی میں ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن