سینیٹر کے نگران وزیراعظم بننے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ریویو اینڈ ججمنٹس ایکٹ کالعدم قرار دینے کے فیصلے سے کوئی پریشانی نہیں۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ کسی سینیٹر کے نگران وزیراعظم یا نگران وزیر بننے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔ اس موقع پر صحافی نے اسحاق ڈار سے سوال کیا کہ کیا آپ نگران وزیراعظم بن رہے ہیں؟ جس پر اسحاق ڈار نے کہا کہ میرا اس پر یقین ہے کہ اﷲ نے آپ سے جو کام لینا ہے اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے‘ اگر یہاں نظام بیٹھ گیا تو ملک کا بہت نقصان ہو گا۔ پاکستان کو بھنور سے نکال کر لائے ہیں‘ ملک دوبارہ اس بھنور میں چلا جائے اس کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ریویو ایکٹ کا فیصلہ سنانے کے لیے اس لیے 53 دن انتظار کیا کہ قومی اسمبلی تحلیل ہو جائے۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے سینیٹر عرفان صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالتی فیصلے "واردات" بن جائیں تو پاکستانی عدلیہ کا عالمی انڈیکس میں 130 واں نمبر حیرت کی بات نہیں۔ سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ریویو آف ججمنٹ ایکٹ کو غیر آئینی اور کالعدم قرار دینا پارلیمنٹ کی توہین ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں جاوید لطیف نے کہا کہ اس طرح کے سب فیصلے منصوبہ بندی سے مخصوص بینچ سے ہی آتے ہیں۔ جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی سے کچھ لوگ خوفزدہ ہیں۔