پبلک سرونٹس کا اصل کام عوام کی خدمت ہے، گورنر پنجاب
راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات کے بعد عوام اس ملک کے حقیقی مالک ہیں اور پبلک سرونٹس کا اصل کام عوام کی خدمت ہے اور ان کی پہلی ترجیح عام لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانا ہی ہونی چاہئے کیونکہ افراد کی زندگی میں بہتری لا کر ہی ملک میں بہتری لائی جا سکتی ہے،یہ بات انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد میں 33 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے پاس آؤٹ افسران کو سرٹیفکیٹ دینے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کی۔ ڈائریکٹر جنرل نینشل انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ ڈاکٹر ملک طارق اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ساڑھے تین ماہ کے اس کورس میں فارن سروس، پولیس سروس، ایڈمینسٹریٹو سروس، وزارت پٹرولیم، ان لینڈ ریونیو سروس، پبلک سروس کمیشن، نیب، آئی بی اور دیگر شعبوں کے افسران نے شرکت کی،گورنر محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ سروس ڈیلیوری افسران کی پہلی ذمہ داری ہے اور جس نے خدمت خلق کو شعار بنایا اس کو عزت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری کو وسائل کے ساتھ نہیں منسلک کیا جا سکتا ہے کیونکہ ترقی یافتہ، ترقی پذیر اور پسماندہ تمام ممالک کے پاس وسائل ہمیشہ محدود ہی ہوتے ہیں جبکہ اصل کام دستیاب وسائل کا بہترین استعمال ہے،گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ اقوام متحدہ نے ڈی جی پی کا چار فیصد تعلیم اور چھ فیصد صحت پر خرچ کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ ہمارے ملک میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا تناسب بہت کم ہے جسکی وجہ سے تعلیم اور صحت کے بجٹ میں اضافہ ممکن نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 25 اے کے تحت مفت اور معیاری بنیادی تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہیمگر ہماری حکومتیں ٹیکس ٹارگٹ حاصل نہ ہونے کی وجہ سے یہ ذمہ داری ادا نہیں کر پاتیں۔گورنر بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ افسران عوام کے ساتھ نرمی کا رویہ برتیں کیونکہ عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنا انکی ذمہ داری یے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ماتحت عملہ کی نگہبانی کریں اور انکی عوامی خدمت کی ٹریننگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کی وجہ سے ترش ہو سکتے ہیں مگر عوام کے غصہ کو صبر و تحمل سے برداشت کریں۔