حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور احترام کیلئے پرعزم ہے،مسعود خان
اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ حکومت پاکستان بین المذاہب اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور احترام کے لیے پرعزم ہے،پاکستان میں تصوف کی ایک عظیم تاریخ ہے اور اس نے ہمیشہ کمیونٹیز کو جوڑنے اور انہیں ایک انسانیت کے رشتے میں مربوط کرنے کا کام کیا ہے ۔تفصیلا ت کے مطا بق مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین صدیوں سے متعدد تہذیبوں کا گہوارہ رہی ہے۔ ثقافتی اور مذہبی تنوع کا احترام اس کی قومی نفسیات کا حصہ ہے۔ ہم اس روایت کو پروان چڑھاتے رہیں گے۔ سفیر نے کہا دنیا بھر میں عدم برداشت، زینو فوبیا، جنونیت اور مذہبی منافرت کا مقابلہ کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔پاکستان اور امریکہ ان مسائل کے بارے میں مفاہمت کو اجاگر کرنے اور تہذیبوں کے درمیان افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔سفیرپاکستان مسعود خان نے یہ باتیں پاکستان ہاؤس میں امریکہ کے مذہبی رہنماؤں کے ایک اجتماع کے دوران کہیں۔ اس موقع پر مسلم انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سلطان احمد علی مہمان خصوصی تھے۔استقبالیہ میں مختلف مذاہب اور فرقوں کی نمائندگی کرنے والے مذہبی رہنماؤں اور پاک امریکن کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ ریورنڈ کینن جسٹن مرف، اینگلیکن آفس برائے حکومت اور بین الاقوامی امور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، محمد عثمان نوری، المصطفیٰ ٹرسٹ، یحییٰ ہندی، جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر برائے مسلم لائف اینڈ چیپلینسی، ڈاکٹر مقصود چوہدری، امام نعیم بیگ، آؤٹ ریچ اینڈانٹر فیتھ ڈائریکٹر دارلہجرہ اسلامک سنٹر اور دیگررہنما اس موقع پر موجود تھے۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی صاحب نے پرتپاک استقبال پر سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں صوفیائ کرام نے معاشرے کی تبدیلی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔