امریکہ سے تعلقات کے 75 برس: مینار پاکستان‘ مجسمہ آزادی کی تصویر والا ڈاک ٹکٹ جاری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) حکومت نے پاک امریکہ سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا۔ یہ تقریب امریکی سفیر کی رہائش پر منعقد ہوئی جس میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم‘ سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان‘ تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ امریکی سفیر اور سیکرٹری خارجہ نے مینار پاکستان اور مجسمہ آزادی کی تصاویر پر منی ٹکٹ کی تصویر پر دستخط بھی کئے۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اس موقع پر کہا کہ یہ ڈاک ٹکٹ دونوں ملکوں کی آزادی کی علامتوں کو نمایاں کرتا ہے۔ یہ ڈاک ٹکٹ دوستی کے 75 سال کا نشان ہے۔ یہ ہماری مستقبل کی شراکت داری کے ایک وژن کو ظاہر کرتا ہے۔ سیکرٹری خارجہ اسد مجید نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امریکہ سات دہائیوں سے ہمارا کلیدی اقتصادی اور ترقیاتی شراکت دار رہا ہے۔