• news

مقابلہ آسان نہیںپاکستان کا پرچم لہرائیں گے: عثمان امجد راٹھور


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستانی ویٹ لفٹر عثمان امجد راٹھور نے کہا ہے کہ چین میں ہونےوالی ایشین گیمز کیلئے بھرپور ٹریننگ کررہے ہیں، مقابلہ سخت ہوگا لیکن امید ہے چین میں پاکستان کا پرچم لہراکر ایرینا میں پاکستان کا ترانہ بجائیں گے۔ ایشین گیمز کے مقابلوں میں 109 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے پرعزم اتھلیٹ عثمان راٹھور نے کہا کہ ایشین گیمز بہت بڑا ایونٹ ہے جس کیلئے وہ کافی پرجوش بھی ہیں اورسخت ٹریننگ کررہے ہیں۔ اندازہ ہے کہ ایشین گیمز میں مقابلہ آسان نہیں ہوگا، روسی، ایرانی اور چینی اتھلیٹس کافی مضبوط ہیں اورسخت مقابلہ ہوگا۔ میڈل جیتنے کیلئے کافی محنت کرنا ہوگی، وہ بھرپورکوشش کریں گے کہ پاکستان کو وکٹری سٹینڈ تک لائیں۔ وہ کلب میں 9 مختلف ٹریننگ سیشن کررہے ہیں اور پری کمپیٹیشن ٹریننگ کے پلان کو فالو کرتے ہوئے ہدف کا 80 فیصد وزن اٹھا رہے ہیں۔ فیڈریشن اور اولمپک ایسوسی ایشن کے علاوہ ویٹ لفٹرز کی سپورٹ کیلئے کوئی آگے نہیں آتا۔ پاکستان میں کارپوریٹ اداروں کو چاہیے کہ وہ ویٹ لفٹرز کی سپورٹ کریں۔انہوں نے شکوہ بھی کیا کہ 2015 میں بھارتی شہر پونے میں کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے کے باوجود انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے سپورٹس پالیسی والی کوئی انعامی رقم نہیں دی گئی۔عثمان نے حکومت سے اپیل کی کہ انہیں سات سال قبل جیتے گئے میڈل کی پرائز منی جاری کی جائے۔
 کیونکہ ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ وہ دو کھیل ہیں جس نے پاکستان کیلئے سب سے زیادہ میڈلز جیتے ہیں۔ پاکستان میں اگر ویٹ لفٹرز کو سپورٹ ملے اور سپانسرز حاصل ہوں تو اور بھی بہتر نتائج دیے جاسکتے ہیں۔عثمان راٹھور حال ہی میں کوئٹہ میں ہونے والے نیشنل گیمز میں 300 کلوگرام وزن اٹھا کر 109 کے جی کیٹیگری میں ویٹ لفٹنگ کا گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن