• news

بھارت سے شکست کابدلہ ایشین گیمز میں لیں گے:عمر بھٹہ 


 لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستانی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نے ناتجربہ کاری کو ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پانچویں پوزیشن کی وجہ قرار دے دیا۔انہوںنے کہا کہ ایشین گیمز میں بھارتی ٹیم سے شکست کا بدلہ لے سکتے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ سے ایشین گیمز کی تیاری کا بہت اچھا موقع ملا ہے، ایشین گیمز میں زیادہ اچھے نتائج دینے میں کامیاب ہوں گے۔ قومی ٹیم کے سینئر ترین رکن نے موقف اختیار کیا کہ سیمی فائنل سے باہر ہونے کا پوری ٹیم کو بہت دکھ ہے۔ ہمیں زیادہ بہتر رزلٹ دینا چاہیے تھا، ہر لڑکے نے سو فیصد کارکردگی دکھائی، زیادہ تر لڑکے تو پہلی بار سینئر ٹیم کی طرف سے کھیل رہے تھے۔ جتنے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کو ملیں گے اتنا ہی پرفارمنس کا معیار بہتر ہوگا۔ بھارتی ٹیم کس فارمیشن سے کھیلتی ہے، اس کا پہلے سے اندازہ نہیں تھا، اپنی سرزمین پر ہر ٹیم کا کھیلنے کا مورال زیادہ ہوتاہے۔ چار میں سے بھارت نے ہمیں تین گول پنالٹی پش پر کیے۔ اب ان کے پلان کا اندازہ ہوگیاہے کہ وہ کس طرح کھیلتے ہیں۔ ایشین گیمز میں بھارتی ٹیم پاکستان کے ہی گروپ میں ہے اور یقین ہے کہ وہاں ان کو ٹف ٹآئم دینے میں کامیاب رہیں گے۔ بھارت آنے سے پہلے بہترین فلکر ارباز انجری کا شکار ہوگئے، ہمارے پاس واحد آپشن سفیان ہی رہ گیاتھا،ارباز کے آنے سے کمبی نیشن بہتر ہوجائےگا، اگر اس کےساتھ چند سینئر لڑکے بھی ٹیم کا حصہ بن جائےں تو پھر بہت فرق پڑسکتاہے۔ پاکستان ایشین گیمز کے سیمی فائنل تک رسائی پانے کی اہلیت رکھتا ہے۔ ایشین گیمز میں پاکستان، بھارت، جاپان، بنگلہ دیش، سنگاپور، ازبکستان شامل ہیں۔ پاکستان کا بھارت سے ٹاکرا تیس ستمبر کو ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن