ساجد میر کی سعودی وزیر مذہبی امور سے ملاقات‘ امت کو درپیش مسائل پر گفتگو
اسلام آباد/ مکہ المکرمہ (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے سعودی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل شیخ سے مکہ المکرمہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ عالمی حالات، امت مسلمہ اور خصوصا سعودی عرب کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ قبل ازیں سعودی وزارت مذہبی امور نے سعودی عرب پہنچنے پر پروفیسر ساجد میر کا بھرپور استقبال کیا۔ سعودی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر تمام مشترکہ چیلنجز کا سامنا کریں گے، سعودی عرب بردار مسلم ملک کی طرح پاکستان کیساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا، پاکستان اور سعودی عرب تمام موسموں کے ابدی دوست ہیں، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان لازوال عقیدت اور احترام کا تعلق ہے۔ سینیٹر ساجد میر نے حرمین شریفین اور سعودیہ کے دفاع کیلئے اپنے موقف کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہر مسلمان کا تعلق حرمین کے ساتھ روحانی ہے جس کیلئے ہماری جماعت ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ خصوصاً سعودی عرب کو درپیش مسائل سے نکلنے کیلئے تدبر اور حکمت کی پالیسی اپنانے پر زور دیا۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے منافرت کے تدارک، اعتدال اور رواداری کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے پر سعودی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل شیخ کی خدمات کو سراہا۔ نیز حج کے موقع پر مملکت سعودیہ کی جانب سے بہترین انتظامات پر انہیں مبارکباد دی۔
ساجد میر