گوادر، فوجی قافلے پر حملہ، باجوڑ میں آپریشن، 6دہشتگرد ہلاک ، جوان شہید
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی،نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان میں دہشتگردوں کے ملٹری کانوائے پر حملے کے بعد جوابی کارروائی میں دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ضلع گواردر میں صبح دس بجے فوجی قافلے پر نامعلوم دہشتگردوں نے چھوٹے ہتھیاروں اور دستی بموں سے حملہ کر دیا۔ سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بروقت جوابی کارروائی کی گئی اور کامیاب جوابی کارروائی میں دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ حملے میں سکیورٹی قافلہ مکمل طور پر محفوظ رہا اور کوئی بھی اہلکار یا عام شہری زخمی نہیں ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل جبکہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ۔ ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اعلامیہ کے مطابق 12/13 اگست 2023 کی درمیانی رات سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، جس کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ سمیت اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، جو سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل بالخصوص خودکش دھماکوں میں سرگرم رہے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی محمد شعیب (عمر 24 سال، ساکن ڈسٹرکٹ کوہاٹ) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ بعد ازاں سابق صدر آصف علی زرداری نے گوادر میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی ادارے کی جوابی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔آصف زرداری نے جوابی کارروائی کرنے والے جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ دہشت گردوں کو وطن دشمن سمجھ کر ان کا وجود مٹادیا جائے، فوجی قافلے پر حملہ کرنے والے منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔دریں اثنا پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حملے کی مذمت کی اور جوابی کارروائی پر فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ بلاول نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کرکے ان کے سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، دہشت گرد ناقابل معافی ہیں۔