12 بجتے ہی منچلے سڑکوں پر‘ ہلہ گلا ‘ 23 زخمی‘ متعدد تھانوں میں بند
لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ رات 12 بجتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد جشن آزادی منانے کے لئے سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجائی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سڑکوں پر نکل آئی۔ نوجوان گاڑیوں میں اونچی آواز میں ملی نغمے و گانے لگا کر رقص اور غل غپاڑہ کرتے رہے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ آتش بازی کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں شدید ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس اور منچلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ ون ویلنگ اور لڑائی جھگڑے کے دوران 23 افراد زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے جبکہ درجنوں منچلے ون ویلر پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔ جنہیںمختلف تھانوں کی حوالات میں بند کر دیا گیا۔ منچلے نوجوان موٹرسائیکلوں کے سائلنسر نکال کر ٹولیوں کی صورت میں کینال روڈ، مال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ، ڈیفنس، اقبال ٹاؤن، جیل روڈ، جوہر ٹائون، ملتان روڈ سمیت دیگر علاقوں میں ون ویلنگ کرتے اور کرتب دکھاتے رہے۔ ماچس پٹاخوں کے علاوہ باجے وسیٹیاں بھی بجاتے رہے۔ مال روڈ، ڈیفنس، کینٹ، اقبال ٹائون، فیروز پور روڈ، جیل روڈ اور دیگر پوش علاقوں میں فیملیز سے بھی منچلے نوجوان چھیڑ خانی کرتے رہے۔ اہم شاہراہوں پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں اور ٹریفک جام ہو گئی۔ تھانوں میں منچلوں کو چھڑانے کے لئے آنے والے افراد اور سفارشیوں کا بھی رش رہا۔