• news

بہتری کا دور شروع‘ گورنر :یوم آزادی پر متعدد شخصیات کو تعریفی اسناد

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں وطن عزیز کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کے اعزاز میں تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے تعلیم، صحت، سپورٹس، صحافت، بزنس،آئی ٹی، فلم، میوزک، ٹی وی، ادب سمیت  11 کیٹیگریز میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ آج کی تقریب یوم آزادی کے سلسلے میں ان شخصیات کے اعزاز میں منعقد کی گئی ہے جنہوں نے مختلف شعبوں میں ملک اور قوم کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ پھولوں کا گلدستہ ہے جس میں وہ افراد شامل ہیں جنہوں نے ملک اور معاشرے کے لیے خدمات سرانجام دی ہیں۔ ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی سے معاشرے میں ایک مثبت پیغام جاتا ہے اور لوگوں کو آگے بڑھنے ک حوصلہ ملتا ہے۔ اس کے ساتھ ان لوگوں کی کمر ٹوٹتی ہے جو معاشرے میں نفرتیں اور مایوسی پھیلاتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں بہتری کا دور شروع ہو گیا ہے، انشااللہ، آنے والے دنوں میں ملک میں مزید بہتری اور استحکام آئے گا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کو تعریفی اسناد دیں۔گورنر پنجاب نے کامران لاشاری، نگہت یاور علی، علینہ شفیق، عاطف رانا، واصف ناگی، سینئر صحافی و تجزیہ نگار سلمان غنی، درید قریشی ، عمارہ حکمت، بلال لاشاری، استاد حامد علی خان، محبوب علی ، عارف اقبال،  عائشہ گلزار، رضوان انور، محمد شکیل اکرم، سہیل محمود بٹ، سابق صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، رانا مشہود احمد خان، ڈاکٹر عائشہ ملک، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ مقبول (پرو وائس چانسلر یو ایچ ایس)، منظر حسین اکرم، ماہا جمیل، ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ، نجیب غوری، فہد شہباز، آیت عاصمی سمیت دیگر شخصیات میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ پیغام میں کہا آزادی ایک نعمت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن