• news

تمام پارٹیوں نے نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق کیا: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں نے نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق کیا۔ آئندہ الیکشن صاف شفاف اور پاکستان کی ترقی کی نوید ثابت ہوں گے۔ پورے ملک میں یوم آزادی بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ پاکستان کے پرچم  کی توہین کرنے والوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہمیشہ پاکستان کی ترجمانی کی ہے اور وہ مستحکم پاکستان کیلئے ایک امید ہوں گے۔ جن لوگوں نے پاکستان کے پرچم کی بے حرمتی کی ہے حکومت ان کیخلاف غداری کا مقدمہ چلائے اور پر چم کی توہین کے مرتکب افراد کے شناختی کارڈز کو بھی بلاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں اور افواج پاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی اور آئندہ بھی ملک دشمنوں کیخلاف نبر د آزما رہیں گے۔ پاکستان علما کونسل  پورے جوش و جذبے سے  یوم آزادی منائے گی۔ اقلیتی برادری بھی یوم پاکستان پورے جوش و جذبے سے منائے گی، تمام مدارس میں قومی پرچم لہرایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن