سکردو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی پرواز کی لینڈنگ
سکردو(آئی این پی ) پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی پرواز پی کے 234 دبئی سے سکردو لینڈ کرگئی، پرواز کے اترنے کے بعد سکردو کو بین الاقوامی ایئر پورٹ کا درجہ مل گیا۔ ان پروازوں کے آغاز سے قومی ایئر لائن پی آئی اے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا اور سکردو کو پوری دنیا میں متعارف کروادیا، بین الاقوامی پرواز پر سیاح جنت نظیر گلگت بلتستان کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ دوران پرواز سیاحوں کو ہمالیہ کے برف پوش پہاڑوں بشمول کے ٹو اور نانگہ پربت کے خوبصورت نظارے بھی دیکھنے کو ملیں گے، پی آئی اے کی دبئی سے سکردو کی ہفتہ وار پروازیں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔ سیاح اب دبئی سے براہ راست ساڑھے تین گھنٹے کی پرواز سے سکردو پہنچ سکیں گے، سکردو ایئر پورٹ پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مسافروں کا استقبال پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات، سول ایوی ایشن کے اعلی حکام اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور سرکاری حکام نے کیا۔ مسافروں میں گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی اور تحائف تقسیم کئے گئے، جہاز کو آمد پر ایئرپورٹ حکام کی جانب سے واٹر کینن سلوٹ بھی پیش کیا گیا، جہاز کے کپتان نے کاک پٹ کا شیشہ کھول کر جشن آزادی کی مناسبت سے قومی جھنڈا لہرایا۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے کہا کہ بین الاقوامی فلائٹ آپریشن شروع ہونے سے گلگت بلتستان میں سیاحت کا شعبہ فروغ پائے گا۔