دیہات میں صفائی کے بڑے پروگرام کا آغاز، مثبت تبدیلیوں کے اثرات جلد نظر آئیں گے: محسن نقوی
لاہور+ گوجرانوالہ+ شرقپور+شیخو پورہ + فیروز والا (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمارے بچے و بچیاں پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ نوجوانوں نے ہی پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔ میرا صرف ایک ہی پیغام ہے آپ نے مایوس نہیں ہونا کیونکہ مایوسی گناہ ہے۔ قرآن مجید میں مایوسی کو گناہ قرار دیا گیا ہے۔ قائد اعظم نے بھی اپنی تقاریر میں مایوس نہ ہونے اور امید کا پیغام دیا ہے۔ ہم تھوڑے عرصے کے لئے آئے ہیں لیکن اس ملک کا مستقبل بہت روشن ہے۔ ملک اب درست سمت کی طرف گامزن ہے۔ انشاء اللہ پاکستان میں مثبت تبدیلیوں کے اثرات جلد نظر آئیں گے۔ وہ حضوری باغ میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سرکاری افسر، اساتذہ کرام اور ڈاکٹرز اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں اور وقت کی پابندی کریں۔ ایمانداری سے کام کریں تو اس ملک کو کوئی ترقی کرنے سے روک نہیں سکتا۔ جب بھی ہسپتالوں کے دورے کرتا ہوں تو ڈاکٹرز کو ڈیوٹی کے اوقات کو پورا کرنے اور ایمانداری سے کام کرنے کی تلقین کرتا ہوں۔ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرتی رہے گی، ہم بھی کر رہے ہیں اور آنے والی حکومت بھی کرے گی۔ سب لوگ ایمانداری سے محنت کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ بہتری نہ آئے۔ اساتذہ کرام اگر دیانتداری کے ساتھ بچوں کو پڑھائیں تو بچوں کا مستقبل تابناک ہو گا۔ یوم آزادی کا پیغام بھی اتحاد و اتفاق ہی ہے۔ اتحاد کا پیغام ہمیں قائد اعظم نے دیا ہے اور عوام کو اسی اتحاد کا پیغام دینا ہے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے پنجاب کے دیہات میں شہروں کی طرز پر صفائی کے بڑے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ محسن نقوی نے شرقپور کے گاؤں قلعہ شریف سے’’اب گاؤں چمکیں گے‘‘ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا۔ محسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دیہات کو بھی شہروں کی طرز پر صفائی کا عملہ اور سہولیات مہیا کی جائیں گی اور اس کے ساتھ دیہات میں شہروں کی طرح کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹس، ڈیتھ اور میریج سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کی سہولتیں بھی میسر ہوں گی۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے گوجرانوالہ، شیخوپورہ دورویہ سڑک کی تعمیر کے پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس سڑک کے افتتاح سے گوجرانوالہ، شیخوپورہ کے درمیان سفرکا دورانیہ صرف 26 منٹ تک رہ گیا ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سید وارث شاہ ٹول پلازہ پر سڑک کا معائنہ کیا اور اعلی معیار کو سراہا۔ قبل ازیں محسن نقوی نے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ پر پرچم کشائی کی۔ محسن نقوی نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھو ل رکھے۔ محسن نقوی نے مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔ محسن نقوی مقررہ وقت سے پہلے ہی تقریب میں پہنچ گئے۔ بادشاہی مسجد کی سیڑھیوں پر ڈسپلن سے کھڑے سکاؤٹس کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور ان کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔ ایک خاتون کی طرف سے اپنے تین بچوں کے تھرموسیٹوپینیانامی مرض میں مبتلا ہونے اور سرکاری خرچ پر علاج کی استدعا کی گئی۔ وزیر اعلی نے سٹاف کو رابطہ کرنے اور وزیر صحت سے ملوانے کی فوری ہدایت کی۔لبرٹی چوک میں بلند ترین اور سب سے بڑا قومی پرچم نصب کیا جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ نے پاکستان کے سب سے بڑے و بلند قومی پرچم نصب کرنے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لبرٹی چوک کا دورہ کیا۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ قومی پرچم کی تنصیب میں حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوگا۔ بلند ترین قومی پرچم کی تنصیب کے منصوبے کی فنڈنگ نجی شعبہ کرے گا۔ برج خلیفہ کی طرز پر قومی پرچم کو خوبصورت لیزر لائٹس سے روشن کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لبرٹی چوک میں بلند ترین قومی پرچم سب پاکستانیوں کے لئے باعث فخر ہو گا۔