راولپنڈی،دیر:طوفانی بارشیں،چھتیں اڑگئیں، پانی گھروں میں داخل، 4 افراد ڈوب گئے
راولپنڈی؍ دیر (اکمل شہزاد+ نوائے وقت رپورٹ) راولپنڈی اور دیر لوئر میں طوفانی بارشوں کے باعث چھتیں اڑ گئیں اور پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ ندی نلے بپھر گئے جس سے راولپنڈی میں 4 افراد بہہ گئے۔ تفصیل کے مطابق راولپنڈی میں تیز بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کئی سڑکوں پر پانی کی وجہ سے شہریوں کی گاڑیاں بند ہو گئیں۔ کئی راستے بند ہو گئے۔ کئی علاقوں میں بجلی بھی بند کردی گئی۔ گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کا لاکھوں روپے مالیت کا سامان خراب ہو گیا۔ شہر کے علاقے ملت کالونی، ڈھوک الہی بخش، ندیم کالونی، ڈھوک الہی بخش، عزیز آباد، سرسید چوک اور اس کے ملحقہ علاقوں میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ راولپنڈی میں شدید بارش کے دوران نالہ لئی میں بچی اور عورت سمیت چار افراد ڈوب گئے۔ نالہ لئی میں ایک اڑھائی سالہ بچی اور عورت سمیت چار افراد ڈوب گئے۔ ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ پیر ودھائی کے قریب نالہ لئی میں اڑھائی سالہ بچی، خیابان سرسید کے علاقے میں دو موٹرسائیکل سوار نالے میں گر گئے۔ مقامی افراد نے ایک لڑکے کو بچا لیا جبکہ دوسرا ڈوب گیا۔ رزاق ٹاؤن چاکرہ روڈ پر ایک عورت نالے میں ڈوب گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق چکری روڈ شاہ قاب پلی سے ڈوبنے والا 10 سالہ بچہ بھی ہنوز لاپتا ہے جبکہ اندھیرا ہو جانے کے باعث سرچ آپریشن صبح تک ملتوی کر دیا گیا۔ دیر لوئر میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ جی ٹی روڈ پانی میں بہہ کر آنے والے دکانوں کے سامان اور ملبے سے بھر گیا جس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑ رہا ہے جبکہ بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہونے سے تاجروں کا نقصان ہوا۔ طوفانی بارش اور تیز ہوائوں سے کئی گھروں کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ بڑے بڑے تناور درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔