• news

ملک مشکل ترین دور میں، قومی یکجہتی کی ضرورت ہے: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور (خبرنگار) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے عدالت عالیہ لاہور کی تاریخی عمارت پر پرچم کشائی کی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں ہمارے آبائو اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، ہمارے لئے باعث مسرت ہے کہ ہم آج 76واں یومِ آزادی منا رہے ہیں۔ کوئی شک نہیں کہ آج ہمارا ملک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے اور اس کٹھن دور سے گزرنے کے لئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہے، آج ہمیں قومی یکجہتی اور اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ چیف جسٹس نے تمام حاضرین کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ پرچم کشائی کی تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس اسجد جاوید گھرال، جسٹس انوار حسین، جسٹس علی ضیا باجوہ، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس فاروق حیدر سمیت دیگر ججز بھی موجود تھے۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے چیف جسٹس اور ججز کو سلامی دی۔ پرچم کشائی تقریب کے بعد چیف جسٹس تمام حاضرین سے فرداً فرداً ملے۔ انہوں نے تقریب میں آئے بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ یوم آزادی کی مناسبت سے لاہور ہائی کورٹ بار میں بھی تقریب منعقد ہوئی۔ نائب صدر ہائیکورٹ بار ربیعہ باجوہ نے پرچم کشائی کی۔ سینئر وکلا نے اپنی فیملی سمیت پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ دریں اثنا ایوان عدل میں لاہور بار ایسوسی ایشن کی 76ویں جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔صدر لاہور بار رانا انتظار حسین نے ایوان عدل میں بار ایسوسی ایشن کی بلڈنگ پر پرچم لہرایا۔ تقریب میں وکلا اور انکی فیملیز نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔ رانا انتظار اور دیگر عہدیداروں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی دعائیں کیں۔

ای پیپر-دی نیشن