کراچی میں 14 اگست پر ہوائی فائرنگ، موٹر سائیکل سوار لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) یوم آزادی کے موقع پر شہر قائد میں ہوائی فائرنگ سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق اور85 شہری زخمی ہوگئے۔ قائد کا شہر رات 12 بجتے ہی فائرنگ اور پٹاخوں کی گھن گرج سے گونج اٹھا۔ ہوائی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور85 شہری زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے۔ پولیس پروٹوکول کی ڈیوٹیوں کے باعث علاقے میں ہونے والے واقعات پر توجہ دینے سے قاصر رہی۔ بغدادی تھانے کی حدود لیاری رینجرز ہیڈ کوارٹر کے عقب میں فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی لاش سول ہسپتال لائی گئی، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 30 سالہ عبدالوہاب ولد عبدالغفار بلوچ کے نام سے کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت وہاں اپنے گھر شاہ بیگ لائن کے قریب کھڑا تھا کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کی زد میں آیا جس سے اس کی موقع پر موت واقع ہوگئی۔ سول ہسپتال ذرائع کے مطابق رات ایک بجے تک اولڈ سٹی ایریا میں جشن آزادی کے موقع پر ہونے والی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والے 19 افراد لائے گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر افراد معمولی زخمی ہیں جبکہ بلال کالونی سیکٹر 7/A میں ہوائی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا، لیاقت آباد ڈاکخانہ پل کے قریب فائرنگ سے 2 شہری زخمی ہو کر عباسی شہید ہسپتال منتقل کیے گئے۔ اسی طرح محمود آباد 6 نمبر البرکت ہوٹل والی گلی میں فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوا۔ زخمیوں کی مجموعی تعداد دو درجن سے تجاوز کر سکتی ہے۔علاوہ ازیں مزار قائد پیپلز چورنگی کے قریب جشن آزادی پر کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر جواں سال لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والی لڑکی موٹر سائیکل پر اپنے بھائی کے ساتھ جا رہی تھی کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر میں لگی جو جاں لیوا ثابت ہوئی۔ مقتولہ کی لاش رکشا میں جناح ہسپتال منتقل کی گئی جہاں ڈاکٹروں نے خاتون کی موت کی تصدیق کر دی۔ مقتولہ کی شناخت 25 سالہ بسمہ دختر اللہ داد کے نام سے کی گئی۔