اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4روپے مہنگا، پھر 300روپے کا ہوگیا
کراچی+لاہور(کامرس رپورٹر) نگران حکومت کے آتے ہی ڈالر کی قدر میں اضافہ میں تیزی آگئی اور ملک میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز(منگل کو) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 3.014روپے کا اضافہ ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت میں 4 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 288.4931روپے سے بڑھ کر 291.5070روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 296روپے سے بڑھ کر 300روپے ہو گئی ۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے درآمدات کے باعث ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ گزشتہ روز یورو کی قیمت فروخت ایک روپے اضافے سے 325روپے،پاونڈ سٹرلنگ کی قیمت فروخت 4روپے اضافے سے 380روپے اور یواے ای درہم کی قیمت فروخت ایک روپے اضافے سے 83روپے50پیسے ہو گئی ہے۔فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر3روپے اضافہ سے300 روپے کی سطح پر آگئی، جبکہ یورو کی قیمت فروخت 2روپے اضافہ سے 328روپے اور برطانوی پاؤنڈ کی قیمت فروخت3روپے بڑھ کر 381روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسو سی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے نوائے وقت کو بتایا ترسیلات زر اور ایکسپورٹ میں کمی کے باعث روپے پر دباؤ بڑھ رہا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کے فرق کے باعث بلیک مارکیٹ میں ڈالر کی ٹریڈنگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانی بینکنگ چینل کی بجائے حوالہ ہنڈی کے ذریعے ڈالر پاکستان بھیج رہے ہیں جس سے ڈالر کی قیمت بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت11ڈالرز کمی سے1903ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمت1100روپے اضافہ سے2لاکھ22ہزار900روپے اوردس گرام سونے کی قیمت943روپے اضافہ سے 1لاکھ91ہزار101روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت2750روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔