امریکی گرینڈجیوری کی ٹرمپ پر انتخابات میں مداخلت کے الزام پر فردِ جرم عائد
واشنگٹن(این این آئی )امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر جارجیا کے انتخابات میں مداخلت کے الزام پر فردِ جرم عائد کردی گئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر 2020 کے صدارتی الیکشن میں مداخلت سے متعلق مقدمے پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے 18 اتحادیوں پر بھی جارجیا میں 2020 کے انتخابات میں مداخلت کی فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔گرینڈ جیوری نے ایک دن کی سماعت کے بعد فردِ جرم عائد کی۔ استغاثہ نے جارجیا میں 2020 کے انتخابات پلٹنے کے لیے ٹرمپ کی کوششوں پرثبوت پیش کیے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف فردِ جرم جج رابرٹ مک برنی نے عائد کی۔واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف یہ چوتھا مجرمانہ مقدمہ ہے۔امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود پر عائد فردِ جرم کو دھاندلی اور وچ ہنٹ قرار دے دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس معاملے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ الیکشن میں مداخلت پر فردِ جرم مجھے دھاندلی لگتی ہے، یہ فردِ جرم ڈھائی سال پہلے کیوں نہیں عائد کی گئی۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ میری سیاسی مہم کے عین وسط میں یہ کرنا چاہتے تھے۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر جارجیا میں 2020 میں انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کے الزام پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔گرینڈ جیوری نے ڈونلڈ ٹرمپ کے 18 اتحادیوں پر بھی مداخلت کی فردِ جرم عائد کی ہے اور یہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف چوتھا مجرمانہ مقدمہ ہے۔