• news

ہائیکورٹ نے بجلی بلوں میں اضافی چارجز کی وصولی روکدی

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے بجلی بلوں میں اضافی چارجز وصول کرنے سے روکتے ہوئے عدالت عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں نیپرا کو فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس سلطان تنویر احمد نے محمد حسین و دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکلاء نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں اضافی چارجز وصولی کالعدم قرار دی ہے، لیکن عدالتی فیصلے کے باوجود دوبارہ بجلی بلوں میں اضافی چارجز بھیج دیئے گئے ہیں۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بلوں کی عدم ادائیگی پر بجلی میٹرز کاٹے جانے کا خدشہ ہے، استدعا ہے کہ عدالت بجلی کے بلوں میں اضافی چارجز کی وصولی روکنے کا حکم دے۔ درخواست گزاروں کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے بجلی کے بلوں میں اضافی چارجز وصول کرنے سے روک دیا اور درخواستیں نیپرا کو بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے دائر درخواستیں نمٹا دیں۔

ای پیپر-دی نیشن