• news

بھارت کی پھر آبی جارحیت، ستلج میں ہزاروں کیوسک پانی چھوڑدیا

قصور +لاہور (این این آئی+ نیٹ نیوز) بھارت نے ایک بار پھر آبی جارحیت کرتے ہوئے دریائے ستلج میں ہزاروں کیوسک پانی چھوڑ دیا۔ بھارت کے پانی چھوڑنے کی وجہ سے ستلج بپھر گیا، بھاکڑا ڈیم بھرنے سے ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی 20 فٹ کی بلندی تک پہنچ گیا۔دھوپ سڑی، سہجرہ میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا، پانی کا بہاؤ مزید تیز ہونے کا امکان، لوگ شدید مشکلات کا شکار ہوگئے۔ بھپرے ستلج کی تباہی سے بچنے کے لئے انتظامیہ نے اعلانات کرکے دیہاتوں سے گھر خالی کرا لئے، پاکستان بھارت سرحدی باڑ بھی کالو واڑا کے نزدیک سے ڈوب گئی، سینکڑوں افراد پانی میں محصور ہو گئے۔ این این آئی کے مطابق دریائے راوی اور چناب سے متصل نالوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت میں دریائے ستلج اور بیاس پر بنائے گئے ڈیمز تقریباً پانی سے بھر چکے ہیں، دریائے ستلج اور بیاس کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے امکانات ہیں۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بڑے دریاوں کے بالائی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے امکانات بھی ہیںجبکہ مون سون بارشوں کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ ڈی جی عمران قریشی نے کہا بارشوں اور بھارتی ذخیرہ کی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن