پیپلز پارٹی قیادت پر نگران کابینہ میں شمولیت کیلئے مختلف امیدواروں کا دباؤ
اسلام آباد (عترت جعفری ) پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر نگران کابینہ میں شمولیت کے لیے مختلف امیدواروں کا دباؤ موجود ہے، پی پی پی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ قیادت سے تواتر کے ساتھ مختلف افراد جن کا تعلق پی پی ہی سے ہے ملاقات کے لیے آتے ہیں اور کابینہ میں شمولیت کے لیے خدمات پیش کرتے ہیں اور سفارش کے لیے کہتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے پیپلز پارٹی اس وقت قومی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی پالیسی کو مرتب کرنے کی کوشش میں ہے، ا ن ذارئع کا کہنا تھا کہ چونکہ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کا امکان بہت بڑھ گیا ہے ، اس لئے نگران کابینہ کے مدت ذیادہ ہو سکتی جس کی وجہ سے امیدوار بڑھ گئے ہیں ۔ ،ذرائع کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندرونی حلقوں میں قومی انتخابات پر محدود پیمانے پر بات چیت ہوتی رہتی ہے تاہم ابھی پارٹی کا کوئی بڑا اجلاس منعقد کر کے انتخابات کے معاملے پر غور نہیں کیا گیا ہے، پارٹی کے بعض سنجیدہ رہنما انتخابات میں تاخیر کو تشویش کی نظر سے دیکھ رہے ہیں، ان کا موقف ہے کہ پیپلز پارٹی کو انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی سوچ کو واضح کرنا چاہیے اور پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس بلا کر اس اشو پر لائحہ عمل بنانا چاہیے، کابینہ میں شمولیت کے امیدواروں کو یہ مشورہ دیا جا رہا ہے کہ پارٹی قیادت اس سلسلے میں اپنا کوئی رول ادا نہیں کرے گی۔