صدر نے پیمرا ترمیمی بل کی منظوری دیدی، 13 بلز بغیر دستخط واپس
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) صدر عارف علوی نے پیمرا ترمیمی بل 2023ء کی منظوری دے دی۔ صدر مملکت نے پیمرا ترمیمی بل 2023ء پر دستخط کر دیئے۔ جبکہ صدر عارف علوی نے دستخط کئے بغیر 13 بلز واپس وزیراعظم آفس کو بھجوا دیئے۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل واپس بھجوا دیا۔ بل پولیس کو بغیر وارنٹ گرفتاری کا اختیار دینے سے متعلق ہے۔ صدر نے نیشنل سکلز یونیورسٹی ترمیمی بل‘ امپورٹ ایکسپورٹ ترمیمی بل‘ ہائیر ایجوکیشن کمشن ترمیمی بل‘ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بل‘ صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کا بل‘ فیڈرل پبلک سروس کمشن ترمیمی بل‘ وفاقی اردو یونیورسٹی ترمیمی بل‘ این ایف سی انسٹی ٹیوٹ ملتان ترمیمی بل‘ نیشنل کمشن برائے انسانی ترقی ترمیمی بل‘ قومی ادارہ برائے ٹیکنالوجی بل بھی واپس کر دیا گیا ہے۔