خلا باز نمیرہ سلیم نے یوسف رضا گیلانی کو خلا میں بھیجا گیا پہلا قومی پرچم پیش کیا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کی پہلی خلا باز نمیرہ سلیم نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو خلا میں بھیجا جانیوالا پہلا قومی پرچم پیش کیا۔ جو نمیرہ سلیم نے مارچ 2008ء میں خلا میں بھیجا تھا۔ یہ پرچم سویڈش خلائی کمپنی کے تعاون سے بھیجا گیا تھا نمیرہ سلیم اس برس کے آخر میں ’’سر رچرڈ برانسنز ورجن گلیکٹ (جو دنیا کی پہلی پرائیویٹ سپیس لائن ہے) کے ذریعے قومی پرچم خلا میں بھیجنے والی پہلی پاکستانی خلا باز بھی بن جائیں گی۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بزرگوں نے قیام پاکستان کی جدوجہد (تحریک پاکستان) میں نمایاں حصہ لیا ان کے والد مخدوم سید علمدار حسین گیلانی ان رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے قرار داد پاکستان پر دستخط کئے۔ سابق وزیراعظم 2021ء سے 2022ء تک سینٹ میں اپوزیشن لیڈر بھی رہے۔ آجکل وہ سینٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور پارٹی کے وائس چیئرمین کے طور پر کام کر رہے ہیں۔