شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں یکم ستمبر تک توسیع ،جے آئی ٹی ممبران سے ریکارڈطلب
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف مقدمے میں پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کریں، بے گناہ ہے توبے گناہ قرار دیں، زیادتی کی کوئی انتہا رکھیں۔تفصیلات کے مطابق منگل کوشاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ کھنہ میں درج دو مقدمات پر اے ٹی سی سماعت ہوئی۔وکیل علی بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ شریک ملزمان کی ضمانت کی توثیق ہو گئی۔ پراسیکیوٹرر نے عدالت کو بتایاکہ شاہ محمود قریشی کے خلاف اشتعال پھیلانے کا الزام ہے۔ اے ٹی سی جج ابوالحسنات نے کہاکہ گزشتہ سماعت پر بھی کہا تھا انصاف کریں، بے گناہ ہے تو بے گناہ کریں۔پراسیکیوٹر نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی بے گناہ تو نہیں ہیں، اب تک ان کو بے انتہا ریلیف دیا گیا ہے۔جج ابوالحسنات نے پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیس میں ریلیف کا فیصلہ صرف میں کروں گا، ایسا رویہ برداشت نہیں کروں گا، ثبوت پیش کرنے ہیں، معمول کے مطابق ان کیسز کو لیا تو کام کیسے چلے گا، زیادتی کی کوئی انتہا رکھیں۔اے ٹی سی جج ابوالحسنات نے جے آئی ٹی کے دو ممبران سے آئندہ سماعت پر ریکارڈ طلب کر لیا۔جج ابوالحسنات نے شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں یکم ستمبر تک توسیع کر دی۔