آئی ایم ایف معاہدہ ناگزیر تھا ، پاکستان کو مشکلات سے بچا لیا،سفیر بیلجیئم
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان میں تعینات بیلجیئم کے سفیر چارلس ڈیلوگن نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق، انسانی حقوق اور ماحولیاتی تحفظ سمیت جی ایس پی پلس کے کنونشنز پر عمل درآمد یقینی بنا کر پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنی تجارت کو مزید بہترکر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیلجیئم سفارتخانے کے ٹریڈ کمشنر عابد حسین بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔سفیر نے کہا کہ بیلجیئم یورپی یونین میں پاکستان کا پانچواں بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ تجارت، سائنسی تحقیق اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ پاکستان کے لیے ناگزیر تھا کیونکہ اس نے پاکستان کو مزید مشکلات سے بچا لیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی معیشت کو مزید مسائل سے بچانے کے لیے اس معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے یورپ کے ساتھ اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کیلئے یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات کے عمل میں ہے اوراس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تعلیم یافتہ اور ہنر مند ورکرز بیلجیئم کی کمپنیوں کو براہ راست درخواست دے سکتے ہیں اور ان کا سفارت خانہ بیلجیئم کی کمپنیوں کی طرف سے ان کے انتخاب کی صورت میں ملازمت کے معاہدوں پر دستخط کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں لیکن دونوں ممالک کی باہمی تجارت صرف ایک ارب ڈالر سے کچھ زائد ہے جو دونوں کی اصل صلاحیت سے کم ہے۔