نواز شریف کے آنے کی تاریخ کا اعلان ن لیگ کریگی، طلال چوہدری
اسلام آباد(این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف جب بھی آئیں گے تاریخ کا اعلان جماعت کرے گی، انہوں نے اپنے آنے کا فیصلہ جماعت پر چھوڑا ہے۔اپنے بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں بہترین ٹیم کسی کے پاس ہے تو وہ نواز شریف کے پاس ہے، نواز شریف وزیراعظم ہوں تو شہباز شریف ان کے ساتھ کارکن بن کر بھی کام کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب بھی آئے ہیں عوام کے حالات بدل کر دکھائے ہیں،پاکستان سے ایک مرتبہ پھر بے برکتی اور نحوست نکلے گی۔ن لیگی رہنما نے کہاکہ نواز شریف کی قیادت میں الیکشن مہم میں عوام کے پاس جائیں گے، ن لیگ کی قیادت کا ماضی بھی گواہ ہے کہ ہمیشہ مشکل حکومت چلا کر دکھائی۔انہوں نے کہاکہ گھر میں چار بھائیوں کے ساتھ بنا کر رکھنا مشکل ہوتا ہے یہاں تو13جماعتیں تھیں، ہم نے 2018میں بھی کہا تھا کہ جن کو کام کرنا نہیں آتا ان کو نہ لائیں۔