بھارت میں عام آدمی پارٹی کے راگھو چڈھا کی پارلیمانی رکنیت معطل
نئی دہلی (این این آئی )عام آدمی پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنا تعارف تبدیل کرکے راجیہ سبھا کامعطل رکن کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کے منگیتر اور سیاستدان راگھو چڈھا کو گزشتہ جمعے کو بدانتظامی اور استحقاق کی خلاف ورزی کے الزام میں راجیہ سبھا سے معطل کر دیا گیا تھا۔ راجیہ سبھا سے معطلی کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر تعارف تبدیل کرتے ہوئے اپنے لئے بھارتی پارلیمنٹ کا معطل رکن کے الفاظ استعمال کئے ہیں۔خیال رہے کہ راگھو چڈھا پر الزام ہے کہ انہوں نے دہلی سروسز بل سے متعلق ایک تحریک میں پانچ ارکان پارلیمنٹ کے جعلی دستخط کئے ہیں۔سیاستدان کو اس وقت تک معطل کیا گیا ہے جب تک استحقاق کمیٹی الزامات پر اپنے نتائج پیش نہیں کر دیتی۔