غدار نہیں ہوں، شوہر کو لے کر واپس بھارت جاؤنگی ، پاکستان آنیوالی انجو کا بیان
پشاور(آئی این پی ) خیبر پی کے، کے نصراللہ کی محبت میں گرفتار ہوکر پاکستان آنے والی بھارتی لڑکی فاطمہ انجو نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے ملک کے ساتھ کوئی غداری نہیں کی اس حوالے سے میڈیا پر غلط باتیں پھیلائی جارہی ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فاطمہ کی ایک ویڈیو زیرِ گردش ہے جس میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں لوگوں کو لگ رہا ہے کہ میں پاکستان آکر یہاں کی تعریفیں کررہی ہوں لیکن ایسا نہیں ہے، جو حقیقت ہے میں صرف وہ بتارہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بھی بہت خوبصورت ہے اور یہ ساری ایک ہی زمین ہے، ایسا بالکل نہیں کہ مجھے بھارت سے پیار نہیں ہے، مجھے بھارت سے محبت ہے اور میں اپنے شوہر کو لے کر واپس اپنے ملک جاوں گی۔ فاطمہ ( انجو)نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ بھارتی میڈیا میری کردار کشی کررہا ہے، کہا جارہا ہے کہ میں نے اپنے دیس اور بچوں سے غداری کی ہے، میں بھی انسان ہوں، میں کسی کی دشمن نہیں ہوں۔ ویڈیو پیغام میں انجو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ بہت اچھے ہیں، میری بھارتی میڈیا سے درخواست ہے کہ میرے بارے میں مثبت سوچیں اور بے بنیاد باتیں نہ کریں۔